نئی دہلی،14/ جون (آئی این ایس انڈیا) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ انتظار کرو، ایک دن ایسا وقت آئے گا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی کہیں گے کہ وہ ہندوستان میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں جموں و کشمیر کی تصویر اتنی بدل جائے گی کہ پی او سے ہی مطالبہ ہوگا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ہیں، اور جس دن ایسا ہوگا اس دن ہماری پارلیمنٹ کی قرارداد پوری ہوگی۔
وزیر دفاع نے ہندوستان کی بدلی ہوئی دفاعی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسم بدل گیا ہے، ہمارے چینلز مظفرآباد،گلگت کا درجہ حرارت بتارہے ہیں۔ یہ درجہ حرات بتانے کی وجہ سے اب اسلام آباد میں بھی کچھ حرارت محسوس ہونے لگی ہے اور اسی وجہ سے یہ لوگ کچھ زیادہ شرارت کرنے پر آمادہ ہیں۔ لیکن ہندوستان کی فوج ایسے لوگوں کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔